|

وقتِ اشاعت :   10 hours پہلے

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا

جس میں جاری منصوبوں کی پیش رفت اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیل سے غور کیا گیا اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ نے وزیر اعلیٰ کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ کوئٹہ کی روایتی خوبصورتی کی بحالی کے لیے ایک جامع پلان مرتب کیا گیا ہے

جس پر عملدرآمد کا آغاز ہوچکا ہے گنجان آباد علاقوں کی شاہراہوں کی توسیع اور خوبصورتی کے لیے نئے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں جبکہ ایئرپورٹ روڈ کی توسیع اور بیوٹیفکیشن کا منصوبہ بھی عملی طور پر شروع کر دیا گیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوئٹہ کو ملک کا خوبصورت ترین شہر بنانے کی خواہاں ہے انہوں نے واضح ہدایت دی کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تمام منصوبوں میں اعلیٰ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے وزیر اعلیٰ نے ایئرپورٹ روڈ کی توسیع سے متاثر ہونے والے 14 کچے گھروں کے مکینوں کو متبادل کے طور پر تمام سہولیات سے مزین خوبصورت پختہ مکانات تعمیر کر کے دینے کا اعلان کیا

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا مقصد مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں سے آنے والے افراد کے لیے بھی ایک خوشگوار اور مثبت تاثر قائم کرنا ہے وزیر اعلیٰ نے تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی جبکہ ایئرپورٹ روڈ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کے تحت شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا انہوں نے کہا کہ خوبصورت دیواروں پر وال چاکنگ کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے وال چاکنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے

اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، مشیر برائے بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط، پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ بابر خان، سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شاعر مشرق حکیم الامت علامہ محمد اقبال کی زندگی تمام پاکستانیوں اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے کہ جنہوں نے اپنے کلام سے مسلمانوں کو جذبہ آزادی، حریت اور اجتماعیت کا درس دیتے ہوئے ان میں ایک نئی روح پھونکی علامہ محمد اقبال کی 87 ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخ میں بہت کم ایسے شعراء گزرے ہیں کہ جن کے کلام میں خودی اور بیداری کا عنصر اس قدر نمایاں ہوانہوں نے کہا آج بھی نوجوانوں کو علامہ محمد اقبال کے فلسفہ خودی کو اپنانا چاہیے

آج کے نوجوان اگر اس فلسفے کو سمجھ جائیں اور اپنی صلاحیتوں کا استعمال درست سمت میں کریں تو یقیناً کامیابی مقدر ہوگی وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاعر مشرق نے ہمیشہ اجتماعیت کا درس دیا اور اس امر پر زور دیا کہ مسلمانوں کی بقا اور تحفظ بھی دراصل رواداری ، بھائی چارے اور یگانگت میں مخفی ہے اور انہیں ہمیشہ اس کا ادراک رکھنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقبال کی شاعری میں شاہین کا تصور دراصل پورے عقل و شعور اور فکر و تدبر کے ساتھ بے خوف وخطر متعین منزل کا حصول ہے

آج ہمیں بھی اپنے ملک کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کے لیے یک جان ہونے کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں علامہ محمد اقبال کے فلسفے کو سمجھتے ہوئے مکمل طور پر متحد رہنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام ملک دشمن اور تخریب کار عناصر پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ان کا قلع قمع کیا جا سکے اور ہم اپنے ملک کو کو دائمی طور پر امن کا گہوارہ بناتے ہوئے اس کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے بحیثیت پاکستانی اپنی مشترکہ کاوشوں کو عملی جامہ پہنائیں۔
 وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی امبریلہ اسکیموں کی پیش رفت و بہتری سے متعلق اہم اجلاس پیر کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں جاری اور مجوزہ اسکیموں کی پیش رفت، شفافیت، اور مؤثر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تمام اضلاع میں تعلیمی ضروریات کے حوالے سے ایک جامع اور منظم سروے کرانے کی ہدایت دی تاکہ حقائق پر مبنی منصوبہ بندی ممکن ہو سکے

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی امبریلہ اسکیموں کے تحت تخمینہ لاگت اور مختص کردہ وسائل میں ہم آہنگی پیدا کی جائے تاکہ وسائل کا ضیاع نہ ہو اور ہر اسکیم مؤثر انداز سے مکمل ہو انہوں نے واضح کیا کہ ایسے اضلاع جو تعلیمی میدان میں پسماندہ ہیں ان کو امبریلہ اسکیموں میں ترجیح دی جائے تاکہ تعلیمی عدم توازن کا خاتمہ ممکن ہو انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امبریلہ اسکیموں کے لیے دستیاب وسائل کی تقسیم ہر قسم کی مصلحت، دباؤ یا سیاسی اثر و رسوخ سے بالاتر ہو کر صرف شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنیادی سہولیات سے محروم اسکولوں کو ان اسکیموں میں اولین ترجیح دی جائے تاکہ نچلی سطح پر تعلیمی بہتری یقینی بنائی جا سکے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فعال کیا جائے

اور تمام اسکیموں میں شفافیت اور نتیجہ خیزی کو ترجیح دی جائے انہوں نے کہا کہ تعلیم سے جڑی اسکیموں میں مقامی کمیونٹی کی رائے اور ضروریات کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہے تاکہ منصوبے زمینی حقائق سے ہم آہنگ ہوں اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط، پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ بابر خان، سیکریٹری تعلیم صالح محمد ناصر، سیکریٹری خزانہ عمران زرکون سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ، وزیر اعلیٰ نے تمام حکام پر زور دیا کہ تعلیمی میدان میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے ادارہ جاتی بہتری، شفاف طریقہ کار، اور موثر عمل درآمد پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *