پاکستان کے زیادہ تر معاشی اشاریوں میں بہتری کا رجحان تاہم مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے۔
وزارت خزانہ کی ماہانہ اقتصادی رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، ترسیلات زر اور برآمدات میں بھی نمایاں بہتری آئی تاہم اپریل میں مہنگائی کی شرح ڈیڑھ سے دو فیصد رہنے کا امکان ہے جو اگلے ماہ تین سے چار فیصد تک جا سکتی ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ ایک ارب 85 کروڑ ڈالر سرپلس رہا۔ ترسیلات زر 33 فیصد اضافے کے ساتھ 28 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں جبکہ برآمدات 24 ارب 66 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکس آمدن میں 25 فیصد اضافہ ہوا اور نان ٹیکس ریونیو بہتر اعشاریہ نو فیصد اضافے سے تین ہزار 933 ارب روپے رہا۔ وزارت خزانہ کے مطابق صنعتی و زرعی شعبوں میں آئندہ مہینوں میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مجموعی طور پر ایک ارب 64 کروڑ ڈالر رہی۔ مارچ کے دوران 58 ہزار 55 افراد روزگار کے لیے بیرون ملک گئے۔
فروری کے مقابلے میں اوورسیز ایمپلائمنٹ رجسٹریشن میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔ آٹو موبائل کی پیداوار اور خام مال کی درآمدات میں بھی تیزی آئی۔ موسمی حالات اور پانی کی بہتر فراہمی کے باعث زرعی شعبے میں بھی بہتری کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
Leave a Reply