|

وقتِ اشاعت :   May 17 – 2016

کوئٹہ:  کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم قربانیوں اور کاوشوں کے بعد معرض وجود میں آیا ہے یہ ملک ہمیشہ قائم ودائم رہے گا، اس ملک کی بقاء وسلامتی کے لئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان چلڈرن اکیڈمی کوئٹہ کے زیراہتمام منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان چلڈرن اکیڈمی کی تاحیات چیئرپرسن محترمہ ثاقبہ رحیم الدین، وائس پریذیڈنٹ پروفیسر فضل حق میر، سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے سربراہان سمیت طلباء وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی اور فرقہ واریت جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ ان تمام چیلنجز سے نمٹنے اور دیگر وقتی آزمائشوں سے نکلنے کی ہم بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ایک ملک اس طرح کے چیلنجز سے نکل کر ہی ایک عظیم اور مضبوط ریاست بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ طلباء وطالبات کا جوش وجذبہ اور ولولہ دیکھ کر یہ بات سب پر عیاں ہوگئی ہے کہ مستقبل کے معمار ملک کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ مستقبل کے ان معماروں کو بہترین مواقع فراہم کرے تاکہ ان کی ہرسطح پر حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے طلباء وطالبات سے مخاطب ہوکر کہا کہ اسلام ہمیں دنیا کی دوسری تہذیبوں سے نفرت اور عداوت رکھنے کی اجازت نہیں دیتا بلکہ دین اسلام ہمیں صحیح راستے پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہمیں ایمانداری کے ساتھ علم کی تلاش میں زندگی صرف کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم زندگی کے ہرشعبہ میں اقوام عالم کا مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی ان بچوں کو ٹینک اور اسلحہ چلانے کی تربیت فراہم کرے گی۔ آخر میں کمانڈر سدرن کمانڈ نے پاکستان چلڈرنز اکیڈمی کے تحت منعقد ہونے والے مختلف مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔