چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) نے کہا ہے کہ پاکستانی خلائی باز جلد چین کے خلائی اسٹیشن جانے والی بین الاقوامی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ یہ چین اور پاکستان کے درمیان خلا کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا ایک اہم قدم ہے۔
چین کی مَنڈ اسپیس ایجنسی (CMSA) کے ترجمان کے مطابق پاکستانی خلائی مسافروں کا انتخابی عمل اس وقت جاری ہے، جو فروری میں دستخط شدہ تعاون کے معاہدے کے بعد شروع ہوا تھا۔
ترجمان چین کی مَنڈ اسپیس ایجنسی لن شی جینگ نے بتایا کہ اس عمل کے دوران 2 پاکستانی خلاء بازوں کو چین میں تربیت حاصل کرنے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
لن شی جینگ نے بتایا کہ انتخابی عمل تین مراحل پر مشتمل ہے، پہلے پاکستان میں ابتدائی انتخاب، پھر چین میں دو مزید مراحل درکار ہوں گے۔
چائنا اسپیس اسٹیشن اینڈ دی پروگریس آف انٹرنیشنل کو آپریشن کے مطابق منتخب ہونے والے پاکستانی خلاء بازوں میں سے ایک پاکستانی خلاء باز مشترکہ خلائی پرواز کے مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ حصہ لے گا۔
پاکستانی خلائی مسافر مشن کے دوران آپریشنل کاموں اور سائنسی تجربات کی ذمہ داری سنبھالے گا، جبکہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب بیجنگ اپنے شینزو 20 مشن کے آغاز کے لیے تیار ہے جو آج (جمعرات کو) مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 17 منٹ پر 3 خلاء بازوں کو چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ لے جائے گا۔
Leave a Reply