اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کا منصوبہ مسترد کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور امیر مقام شریک ہوئے۔کونسل کے اجلاس میں 25 افراد نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پرغورکیاگیا۔کونسل نئی نہریں نکالنے کے منصوبے پر حکومت سندھ کے ایجنڈا آئٹم پر غور کیا۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنےکا منصوبہ مسترد کردیا۔کونسل نے کینالز سے متعلق ایکنک کا 7 فروری کا فیصلہ مسترد کیا، معاملہ دوبارہ ارسا کو بھجوایا جائےگا۔
خیال رہےکہ یہ اجلاس 2 مئی کو ہونا تھا لیکن حکومت سندھ کی گزارش پر وزیراعظم نے آج اجلاس طلب کیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ سندھ کے عوام کے لیے خوشخبری ہے ارسا سے خط واپس لے لیا گیا ہے، تمام صوبوں کو پانی کے حقوق دیے جانے کے حق کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے، دریائے سندھ پر نہریں بنانے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔
اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم سے مریم نواز، مراد علی شاہ، سرفرازبگٹی اور علی امین گنڈاپور نے ملاقات کی۔
Leave a Reply