چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی) اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، کسی قسم کا تصادم جوہری جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری فضائیہ، بری اور بحری افواج بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کے جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ ہوئی، ہم نہیں چاہتے کہ کشیدگی میں اضافہ ہو۔
بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے اقدامات کرے اور پہلگام واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2 ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدکی کم نہ ہوئی تو صورتحال محدود جھڑپوں سے بڑھ کر جنگ کی صورت بھی اختیار کر سکتی ہے، جنوبی ایشیا کے روایتی حریفوں کے درمیان کشیدگی ہمیشہ تشویش کا باعث ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ پاک – بھارت کشیدگی کے بعد سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی بات کرکے دریائے سندھ پر ایک اور حملہ کیا ہے، کہنا چاہوں گا کہ دریائے سندھ ہمارا ہے اور یہ ہمارا رہے گا، اس دریا سے ہمارا پانی بہے گا یا ان کا خون بہے گا۔
بلاول نے کہا تھا کہ اس دفعہ بھارت کی طرف سے سندھو پر حملہ ہوا، مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تھا، جس کا الزام نئی دہلی نے پاکستان پر لگایا، مودی نے اپنی کمزوریاں چھپانے کے لیے جھوٹے الزامات لگائے، جس کے بعد بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک دن فیصلہ کرلیں کہ آپ سندھ طاس معاہدے کو نہیں مانتے، نہ بین الاقوامی سطح پر یہ مانا جائے گا، نہ پاکستان کے عوام یہ مانیں گے۔
Leave a Reply