ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران کل پاکستان آمد متوقع ہے، روس نے بھارت کو پاکستان سے مذاکرات کا مشورہ دے دیا۔
وزیر خارجہ عباس ممکنہ طور پر کل پاکستان کا دورہ کریں گے، عراقچی دورہ پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے، پاکستان کے بعد عباس عراقچی کے بھارت جانے کا بھی امکان ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اپنے دورہ پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں خطے کی کشیدہ صورت حال میں کمی لانے پر تبادلہ خیال کریں گے، وہ پاکستانی حکام کی تجاویز بھی لیں گے، جس کے بعد ان کے دورہ بھارت کا بھی امکان ہے، ایران خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
روس نے بھارت کو پاکستان سے کشیدگی روکنے کے لئے مذاکرات کا مشورہ دے دیا۔
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدہ صورت حال پر گفتگو کی گئی۔
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے بھارت کو پیغام دیا کہ وہ جنگ کے بجائے پاکستان کے ساتھ سفارتی سطح پر تنازع کا حل نکالنے کے لیے اقدامات کرے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چین اور ترکیہ بھی خطے کی کشیدہ صورت حال میں کمی کے لیے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرچکے ہیں۔
یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کاجا کلاس، سوئٹزرلینڈ اور یونان کے وزرائے خارجہ نے بھی کشیدگی میں کمی کے لیے دونوں ملکوں پر بات چیت کی اہمیت ر زور دیا ہے۔
امریکی کانگریس مین کیتھ سیلف نے واضح کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا سوچ بھی نہیں سکتے، دونوں پڑوسی ملک ایٹمی قوت ہیں، جنگ شروع ہوگئی تو وہ کسی کے قابو میں نہیں رہے گی۔
کیتھ سیلف نے پاکستانی امریکن ریپبلکن کلب میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، انہوں نے اپنی گفتگو میں امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کشیدگی کو کم کریں گے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے والے یونان نے کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے۔
یونان کے سفیر انجیلوس سیکیریس نے جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے صحافیوں کو یونان کی ایک ماہ طویل صدارت کے دوران سلامتی کونسل کے کام کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔
انجیلوس سیکیریس نے کہا کہ ہم قریبی رابطے میں ہیں، لیکن پاک – بھارت کشیدگی پر سلامتی کونسل کا اجلاس جلد یا کچھ وقت بعد ہو سکتا ہے، ہم دیکھیں گے، ہم تیاری کر رہے ہیں، یہ ہماری (یو این ایس سی) صدارت کا پہلا دن ہے۔
Leave a Reply