|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2016

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں یکے بعد دیگرے سڑک کنارے نصب 2 ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 11 اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے۔ ایس پی کینٹ پولیس کاشف ذوالفقار کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے متھرا میں روڈ کنارے نصب پہلا ریموٹ کنٹرول دھماکا اس وقت ہوا، جس پولیس کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکے کے بعد پولیس کی نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی، جہاں بی ڈی ایس کی چیکنگ کے دوران دوسرا دھماکا ہوا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عبد المجید مروت کا کہنا ہے کہ بم دھماکوں میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 11 اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں میں تقریباً ساڑھے 4 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس کی مزید نفری طلب کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔