بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعہ بدھ کی صبح اُس وقت پیش آیا جب نورزئی اپنی اہلیہ، محافظ اور ڈرائیور کے ہمراہ کوئٹہ جا رہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ، میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کو تمپ سے کوئٹہ جاتے ہوئے اغوا کیا گیا، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو تربت سے تقریباً 40 کلومیٹر دور تگران آباد کے مقام پر روکا گیا۔ چھ سے زائد نامعلوم مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کی اہلیہ، محافظ اور ڈرائیور کو گاڑی سے اتار دیا، اور محمد حنیف نورزئی کو گاڑی سمیت نامعلوم سمت میں لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز، پولیس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مغوی افسر کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
Leave a Reply