لورالائی: سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عظیم تاریخی روایات کی سرزمین ہے، یہاں قوموں اور برداریوں کے درمیان قدر مشترک سرزمین کی مٹی ہے،اس مٹی کے رشتہ کو خون کے رشتہ سے زیادہ مقدس سمجھتا ہوں
ہمیں چائیے کہ اپنے درمیان موجود انتشار کا خاتمہ کریں اس میں ہی آئندہ نسلوں کی بقا ہے ورنہ نہ تو آئندہ نسلیں اور نہ ہی تاریخ ہمیں معاف کرے گی۔ یہ بات انہوں نے لورالائی کے ایک روزہ دورے کے موقع پر صدام خان علیزئی کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے
ظہرانے کے شرکا سے، سیاسی جماعتوں کے رہنماں و کارکنوں، قبائلی عمائدین کے وفود سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے دورے کے دوران قبا ئلی رہنما حاجی میر بدل خان لانگو کی رہائش گاہ جاکر لورالائی یونیورسٹی کے رجسٹرار اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر میر نصیب اللہ لانگو اور ان کے اہلیہ کی ٹریفک کے المناک حادثے میں وفات پر حاجی میر بدل خان لانگو،
میر حبیب اللہ لانگو، میر حمید اللہ لانگو، میر حفیظ اللہ لانگو، میر ثنا اللہ لانگو، میر ہدایت لانگو سے تعزیت کا اظہار اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر سیاسی و قبائلی عمائدین بھی موجود تھے، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے سینئر رہنما مالک افغان کے انتقال پران کی رہائش گاہ جاکر پسماندگان سے تعزیت کا اظہار، مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی،
صدام خان علیزئی اور اسد خان علزئی کی جانب اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شریک ہوئے، اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدرمنظور خان کاکڑ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے ضلعی سیکرٹری مصطفی کمال کاکڑسمیت دیگر سیاسی وقبائلی عمائدین وسیاسی کارکنوں نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے ملاقات اور ان سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عظیم تاریخی روایات کی سرزمین ہے، یہاں قوموں اور برداریوں کے درمیان قدر مشترک اس سرزمین کی مٹی ہے اور میں اس مٹی کے رشتہ کو خون کے رشتہ سے زیادہ مقدس سمجھتا ہوں،
ہمیں چاہیے کہ ہم قدر مشترک پر اپنی قومی خوشحالی اور وقار کیلئے جدوجہد کریں،انہوں نے کہاکہ یقینا پوری دنیا میں سیاسی جماعتوں کے درمیان نظریہ اور فکر کا اختلاف ہوتا ہے مگر قدر مشترک وطن کی مٹی ہوتی ہے قوموں کی ترقی اور اتفاق کو ختم کرکے ذاتی مفادات کیلئے اقوام کے درمیان انتشار اور تعصب پیدا کرنے والے قوموں کے دشمن ہیں
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاسی جماعتوں میں نظریہ اور فکر پر اختلاف رائے موجود ہے مگر یہاں سیاسی جماعتوں کے درمیان نظریہ اور فکر کا اختلاف انتشار میں تبدیل ہوا ہے جس سے بالا دست طبقے اور خوش آمدی فائدہ اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چائیے کہ اپنے درمیان موجود انتشار کا خاتمہ کریں اس میں ہی آئندہ نسلوں کی بقا ہے ورنہ نہ تو آئندہ نسلیں اور نہ ہی تاریخ ہمیں معاف کرئے گی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی لورالائی میں انتہائی مصروف دن گزار، لوگوں کی بڑی تعداد نے ان سے ملاقات کی مختلف مقامات پر ان کا استقبال کیا اور ان کی گاڑی روک پر ان کیساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔