زیارت : ضلع زیارت کے علاقے منہ زڑگی ڈیم میں تین لڑکیاں پانی میں ڈوب گئیں ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو لڑکیوں کو زندہ نکال کر ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دیا گیا،
جب کہ تیسری لڑکی کی لاش کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد نکالی گئی۔ زخمی لڑکیوں کی شناخت 16 سالہ بی بی عقیدہ دختر محمد افضل اور 26 سالہ بی بی نجمہ زوجہ محمد جمیل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والی لڑکی بی بی روبینہ دختر محمد ہاشم، عمر 22 سال بتائی گئی ہے، جسے ڈیم سے مردہ حالت میں نکالا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر زیارت کی سربراہی میں لیویز فورس اور ریسکیو ٹیموں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر زیارت ذکا اللہ درانی کے مطابق ڈیم میں پانی کی گدلاہٹ اور غیر متوازن سطح کے باعث تلاش کے عمل میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق لڑکیاں سیلابی ریلے کے بعد ڈیم میں جمع ہونے والے باقیات کو اکٹھا کرنے کے لیے وہاں موجود تھیں۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پہلے ہی موسمیاتی ایڈوائزری جاری کی جا چکی ہے اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انتظامیہ نے زیارت کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک اور غیر محفوظ مقامات پر جانے سے گریز کریں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔