|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2025

گوادر:ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے ہفتے کے روز ادارے کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور ان سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ جس کا مقصد جاری ترقیاتی منصوبوں، ادارہ جاتی کارکردگی اور آئندہ کی حکمت عملی کا جائزہ لینا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل کوشعبہ بلڈنگ کنٹرول، ماحولیات، لینڈ مینجمنٹ اور جی ڈی اے پبلک سیکنڈری ہائیر اسکول سمیت دیگر شعبوں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کنٹرولر بلڈنگ فیصل خٹک نے گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان اور گوادر بلڈنگ ریگولیشنز 2020 سے متعلق بتایا کہ شہر میں تمام تعمیرات گوادر بلڈنگ ریگولیشنز 2020 کے تابع ہیں اور کسی بھی تعمیر سے قبل جی ڈی اے سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے اس پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی یا تجاوزات پر مبنی تعمیرات کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس ضمن میں جی ڈی اے کے انفورسمنٹ اور اینٹی انکروچمنٹ سیلز کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ شہر میں تعمیرات کو منظم، شفاف اور جدید طرز پر استوار کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر ماحولیات رسول بخش بلوچ نے شعبہ ماحولیات کی بریفنگ میں بتایا کہ شہر میں دو جدید سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کیے گئے ہیں جو مختلف مقامات سے سیوریج جمع کر کے ویٹ ویلز کے ذریعے پلانٹس تک منتقل کرتے ہیں، جہاں اسے ری سائیکل کر کے سبزہ زاروں، درختوں اور پودوں، پارکس اور گراؤنڈز کی آبیاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری آئی ہے بلکہ شہر کے صاف ستھرا بیچیز کو بھی آلودگی سے بچایا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر شعبہ ماحولیات کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں عوامی تعاون سے بھرپور شجرکاری مہم کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں کے کناروں اور میڈینز پر نئے درخت لگائے جائیں تاکہ گوادر کو سرسبز اور خوبصورت بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل نے شہر میں آوارہ جانوروں، پالتو مویشیوں اور ایسے جانوروں کے خلاف مؤثر اقدامات کی بھی ہدایت کی جو درختوں اور پودوں کو نقصان پہنچاتے ہیں یا گریزنگ کرتے ہیں۔
ڈائریکٹر لینڈ منیجمنٹ شے منصور نے ڈائریکٹر جنرل کو اپنے شعبے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ڈائریکٹر جنرل نے ادارے کے موجودہ اثاثہ جات کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لا کر ریونیو کے ذرائع کو مزید مستحکم کرنے کی ہدایت دی۔
جی ڈی اے پبلک ہائر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل راجہ امتیاز نے اسکول کی موجودہ تعلیمی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جی ڈی اے اسکول نہ صرف ایک شاندار عمارت ہے بلکہ جہاں اعلیٰ و معیاری تعلیم دی جاتی ہے جس میں اس لیول طرز تعلیم کی بھی سہولت موجود ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے واضح ہدایت دی کہ تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور تدریسی ماحول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کوالٹی ایجوکیشن اور میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی نظام بہتر ہو۔ انہوں نے اسکول میں جاری اور آئندہ بہتری کے اقدامات پر مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔