کوئٹہ :مشیر کھیل بلوچستان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے متحرک بنایا جارہا ہے اور اس حوالے سے فٹ بال کے بعد کوئٹہ میں آل پاکستان کرکٹ کے بڑے مقابلے کا میدان یکم ستمبر سے سجے گا ملک بھر سے آئی ٹیموں کے مابین 51میچز ہونگے شہر کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کا کام تین روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو نواب اکبر بگٹی اسٹیڈیم میں آل پاکستان کرکٹ گولڈ کپ کے حوالے سے سیکرٹری کھیل درا بلوچ ،ڈی جی اسپورٹس یاسر خان بازئی اور کوئٹہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد خیر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرس کے دوران کیا۔
مشیر کھیل مینا مجید نے کہا کہ کوئٹہ میں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت نے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ فٹ بال کے بعد کرکٹ گولڈ کپ کا انعقاد ہورہا ہے ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 36ٹیم شرکت کریں گی جن کے مابین 51میچ ہونگے جس کا مقصد کھیلوں کے میدان آباد کرکے قومی جذبے کو ابھارنا ہے انہوں نے کہا کہ جب سے محکمہ ملا ہے نوجوانوں کو اس میدان میں آگے لانے کا عزم کررکھا ہے کھیل کے میدان کم ہونے سے مسائل کا سامنا ضرور ہے لیکن محدود وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں
بلوچستان آدھا پاکستان ہے ترقی کی مد میں وفاق خاطر خواہ فنڈز دے صوبائی حکومت کے وسائل محدود ہیں یکم ستمبر سے کرکٹ کے نامور کھلاڑی کوئٹہ آئیں گے نواب بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹ لگانے کا کام تین روز میں مکمل کرلیا جائے گا جس کا مقصد ٹورنامنٹ کے ڈے نائٹ میچ منعقد کرنا ہے اس موقع پر کوئٹہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد خیر نے بتایا کہ کوئٹہ میں کھلاڑیوں کی رہائش کے مسائل کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز کوئٹہ میں نہیں ہورہے سریاب کے علاقے میں ریڈیو پاکستان کی زمین پر اسپورٹس کمپلکس کی تعمیر کا کام التوا کا شکار نہیں ہوا بلکہ اس منصوبے پر کام جاری ہے۔