|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2025

بلوچستان محکمہ صحت کا بڑا اقدام: اے آئی بیسڈ اٹینڈنس پورٹل پر ڈیٹا اپ لوڈ نہ کرنے والے ملازمین کی 15 دن کی تنخواہ کٹوتی کا حکم

کوئٹہ: بلوچستان محکمہ صحت نے سرکاری اسپتالوں اور طبی مراکز میں اے آئی بیسڈ اٹینڈنس پورٹل پر پروفائلز اور تصاویر اپ لوڈ نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ بارہا ہدایات کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے پر متعلقہ ملازمین کی 15 روزہ تنخواہ کاٹنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق متعدد اسپتالوں میں ریکارڈ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے شفافیت اور حاضری مانیٹرنگ کے نظام میں خلل پڑ رہا تھا، جس پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر صحت نے اسپتالوں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دن کی تنخواہ کٹوتی کے ساتھ تعمیلی رپورٹ جمع کرائیں۔

ترجمان کے مطابق پانچ ورکنگ ڈیز کے اندر تازہ ڈیٹا اور کٹوتی کی تصدیقی رپورٹ محکمہ کو ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے واضح کیا ہے کہ غفلت یا تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔