کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کوئٹہ کے شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب بی این پی کے جلسے پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں دہشتگردکے ان واقعات کے ذریعے صوبے میں خوف و ہراس پھیلانے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں، لیکن بلوچستان کے عوام اپنے حوصلے اور یکجہتی سے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں میر ضیاءاللہ لانگو نے نے کہا ہے کہ شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب بی این پی مینگل کے جلسے پر دھماکے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ایک قومی سانحہ ہے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی انہوں نے کہا کہ دہشتگرد نہ کسی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی قوم یا قبیلہ ہوتا ہے ان کا واحد مقصد انسانی جانوں سے کھیل کر افراتفری پھیلانا اوربلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بسنے والے ہر طبقہ فکر کے لوگ امن کے قیام اور صوبے کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں دہشتگردوں کے ہاتھوں نہ صرف معصوم جانوں کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ صوبے کا امن و استحکام بھی متاثر ہوتا ہے مگر ماضی کی طرح اب عوام کو دہشتگردی کے خلاف یکجا ہونا ہو گا