|

وقتِ اشاعت :   September 3 – 2025

وزیرِ اعظم کا وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ٹیلیفونک رابطہ، کوئٹہ دھماکے پر اظہار افسوس


اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کوئٹہ میں سیاسی جلسے کے دوران ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ رنج و غم کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیاسی جلسے پر حملہ بلوچستان میں دہشتگردوں کی جانب سے انتشار پھیلانے کی گھناؤنی سازش کا واضح ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، اور ان کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، اور معصوم و نہتے شہریوں پر حملے بزدلانہ اور قابلِ مذمت ہیں۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ایسے بزدلانہ حملوں کی روک تھام کی جا سکے۔