کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں بی ایس او پجار کے سابق چیئرمین زبیر بلوچ کے گھر پر چھاپے اور فائرنگ کے نتیجے میں چیئرمین کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے
کہ سیکورٹی فورسز نے نہ صرف ایک سیاسی ورکر بلکہ ایک قانون کے ماہر کو گولیوں کا نشانہ بنایا جو انتہائی افسوس ناک اور تشویش ناک عمل ہے۔بیان میں کہا گیا کہ شہید چیئرمین زبیر بلوچ نے طویل سیاسی و جمہوری جدوجہد کی۔
وہ آئین کے مطابق آزادی اظہار رائے، لاپتہ افراد کی بازیابی اور طلباء کے مسائل و حقوق کے لیے مسلسل سرگرم رہے۔بیان میں کہا گیا کہ زبیر بلوچ تنظیمی امور پر مکمل عبور رکھتے تھے۔
ان کے دور میں نہ صرف بی ایس او پجار بلکہ مجموعی طور پر طلباء سیاست نے بلندی حاصل کی۔نیشنل پارٹی نے شہید چیئرمین زبیر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔