|

وقتِ اشاعت :   September 28 – 2025

کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے کامیاب انٹراپارٹی انتخابات اس حقیقت کے غماز ہیں کہ بی اے پی ایک ایسی جماعت ہے جو جمہوری اقدار، شفافیت اور عوامی اعتماد پر یقین رکھتی ہے بی اے پی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کی ضامن جماعت بن چکی ہیں

 

ان خیالات کا اظہار بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات،ترجمان و سابق وزیرداخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے نوجوانوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر شفاف اور منظم انتخابات کا انعقاد بی اے پی کی سیاسی بصیرت، قیادت کی بالغ نظری اور کارکنوں کی بھرپور وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے بی اے پی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، خواتین کو سیاست میں فعال کردار دینے اور بلوچستان کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لانے کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز، بالخصوص تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان کے مسائل کے حل کے لیے بی اے پی اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے یہ جماعت ذاتی مفادات کے بجائے اجتماعی بھلائی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان سیاست میں سرگرم ہے اور وفاق پاکستان کے استحکام،صوبوں کے حقوق کے تحفظ اور بلوچستان کی محرومیوں کے ازالے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔

 

میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حالیہ انٹراپارٹی الیکشن میں کارکنوں کی پرجوش شرکت اور قیادتپر اعتماد نے ثابت کر دیا ہے کہ بی اے پی عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہے اور آنے والا وقت اس جماعت کے عوامی پذیرائی میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔ہم خاص طور پر نوجوانوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ تعلیم کے میدان میں اپنا آپ منوا کر ملک کی ترقی میں آگے بڑھیں اور پارلیمانی سیاست میں حصہ لیکر بلوچستان ترقی وخوشحالی میں اپنا کردارادا کریں