کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے رہنماء سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو پر جھوٹا مقدمہ واپس لیا جائے نیب بلوچستان کرپٹ مافیا کے بجائے قوم پرست قیادت کو نشانہ بنا رہی ہے 10سال تک بلوچستان کو لوٹنے والے آزاد گھوم رہے ہیں۔ میر خالد لانگو عوامی رہنماء ہیں اڑھائی سالہ دور میں قلات میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں میر خالد لانگو پر جھوٹے مقدمات واپس لے کر فوری طورپر رہا کیا جائے ۔ ان خیالات کا اطہار قومی اسمبلی کے رکن سردار کمال خان بنگلزئی ، سینیٹر میر محمد کبیر محمد شہی، نیشنل پارٹی وحدت بلوچستان کے صدر میر محمد اکرم دشتی ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات میر جان محمد بلیدی، ٹکری شفقت لانگو، نیاز بلوچ ، حاجی عبدالواحد شاہوانی، چیئرمین بی ایس او اسلم بلوچ ، خلیل البلوشی،ظہور احمد لانگو، مولوی نیاز اللہ ، ملک شیر جان لانگو، حاجی محمد یوسف ، نصر اللہ لانگو اور دیگر نے میر خالد لانگو کی رہائی کے لئے منگل کو منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، نیشنل پارٹی خالق آباد ،منگوچر ،قلات و مستونگ کے ہزاروں افراد پر مشتمل ریلی جو خالق آباد منگوچر سے شروع ہوکر 120کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے کوئٹہ میٹر وپولٹین کارپوریشن کے سبزہ زار پر جلسے کی شکل میں تبدیل ہوئی جلوسوں کی قیادت پارٹی کے رہنماء مرکزی سیکرٹری اطلاعات جان محمد بلیدی، ٹکری میر شفقت لانگو ، میر نیاز بلوچ، خلیل البلوشی،علی احمد لانگو نے کی۔ کارکنوں نے نیشنل پارٹی پاکستان اور لانگو اتحاد کے جھنڈے اور میر خالد لانگو کے بڑے بڑے پوسٹر اٹھا رکھے تھے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے ریلی اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی اور میر خالد لانگو کے خلاف میڈیا ٹرائل شروع کیا گیا ہے نیشنل پارٹی کرپشن کو سماج کا ناسور سمجھتی ہے اڑھائی سالہ دور اقتدار میں نیشنل پارٹی نے کرپشن کے خلاف متعدد اقدامات اٹھائے اور نیب ،انٹی کرپشن اور وزیر اعلیٰ انوسٹی گیشن ٹیم کو مضبوط و مستحکم بنایا ۔ رہنماوں نے کہا کہ نیب جھوٹے مقدمات میں میر خالد لانگو کو ایک سازش کے تحت ملوث کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نیب نے گزشتہ 10سال کے دوران ریکارڈ کرپشن میں ملوث ابھی تک ایک بھی سیاسی لیڈر کو گرفتار نہیں کیا ہے میر خالد لانگو پہلا قومی رہنماء ہے جن پر ابھی تک الزامات بھی نہیں ہیں لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت میر خالد لانگو کو گرفتار کرکے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میر خالد لانگو نے اڑھائی سالہ دورمیں ضلع قلات میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں جتنے کام گزشتہ 65سالوں میں نہیں ہوئے ہیں جتنے کام نیشنل پارٹی حکومت نے اڑھائی سال میں پورے بلوچستان اور خصوصاً قلات میں کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بعض سیاسی پارٹیوں کو حالیہ واقعات سے موقع ملا ہے جو نیشنل پارٹی کے خلاف کھل کر سامنے آگئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی قیادت کا تعلق عوام سے ہے مشکل کی ہر گھڑی میں نیشنل پارٹی کی قیادت عوام سے ہی جڑی رہے گی مشکل حالات میں عوام کے ساتھ رہنا نیشنل پارٹی کی لیڈر شپ کی بہادری و دلیری اور عوا م کے ساتھ کمینٹمنٹ کو ظاہر کرتی ہے۔ نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے مظاہرین کو پرامن رہنے اور اپنی جد وجہد جاری رکھنے کا حوصلہ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہزاروں لوگوں کی اس تپتی دھوپ میں یہاں موجو دگی نیشنل پارٹی اور میر خالدلانگو سے غیر متزلزل وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ نیشنل پارٹی کی لیڈر شپ کو اچھی طرح جانتے ہیں کرپشن و اقربا پروری اور عوام کے دولت پر ڈاکہ ڈالنے کا تصور بھی نیشنل پارٹی کے پروگرام میں موجود نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیب بلوچستان فوری طورپر میر خالد لانگو کو رہا کرے اور بلوچستان کے ان 120 کیسوں پر کارروائی شروع کرے جنہوں نے 10سال تک بلوچستان کی قومی دولت کوبے دردی سے لوٹاہے بلوچستان کے ساحل کا سودا کیا اور بلوچستان کی معدونی دولت کو اونے پونے داموں غیر وں کو بیچا ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی ایک جمہوری و سیاسی جماعت ہے اپنے جائز سیاسی و جمہوری حقوق کے لئے احتجاج کرنااس کا جمہوری و سیاسی حق ہے نیب کو چاہئے کہ وہ سیاسی انتقام کی پالیسی کو ترک کرے اور ان سابقہ 35وزراء و اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جنہوں نے بلوچستان کی دولت کو بے دری سے لوٹا ہے ۔