وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا اصل سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں جن کی توانائی، جذبہ اور وژن ہی بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یوتھ سمٹ 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا مینا مجید بلوچ نے کہا کہ یہ سمٹ محض ایک تقریب نہیں بلکہ ہمارے نوجوانوں کے عزم، حوصلے اور صلاحیتوں کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح، تعلیم، روزگار اور تربیت کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے
تاکہ انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں دنیا تیزی سے بدل رہی ہے ریاستِ پاکستان اور خصوصاً حکومتِ بلوچستان سمجھتی ہے کہ اس بدلتی دنیا میں ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں اس لیے ہمارا فرض ہے کہ ہم نوجوانوں کو صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ شعور، ہنر اور سمت بھی دیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر معاشرے کی تعمیر میں کردار ادا کرسکیں
انہوں نے کہا کہ آج کے زمانے میں دشمن کی جنگ بندوقوں سے نہیں بلکہ خیالات اور پروپیگنڈے سے لڑی جا رہی ہے بعض قوتیں نوجوانوں کے ذہنوں میں ریاست کے خلاف منفی بیانیہ پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ریاست دشمن نہیں بلکہ ماں ہے جو اپنے نوجوانوں کے خوابوں کو تعبیر دینے کے لیے مواقع فراہم کر رہی ہے تعلیم، اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام، روزگار کے منصوبے، کھیلوں کے میدان اور تربیتی کورسز اسی وژن کا حصہ ہیں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ ہے لیکن اگر اس کا استعمال مثبت انداز میں نہ ہو تو یہی طاقت نقصان کا باعث بن جاتی ہے
جھوٹی خبریں، گمراہ کن مواد اور نفرت انگیز مہمات ہمارے معاشرتی تانے بانے کو کمزور کرتی ہیں نوجوان سوشل میڈیا کو علم، تحقیق، جدت اور مثبت اظہار کا ذریعہ بنائیں تاکہ وہ خود اور معاشرہ دونوں آگے بڑھ سکیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں نوجوانوں کے لیے مسلسل عملی اقدامات کر رہی ہے یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام،
اسپورٹس کمپلیکسز کا قیام، بینظیر بھٹو اسکالرشپ اسکیم اور یوتھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ پروگرام جیسے منصوبے اسی وژن کا تسلسل ہیں جن کے ذریعے ہزاروں نوجوان مستفید ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ریاست پر اعتماد اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں کیونکہ بلوچستان کی ترقی ان ہی کے ہاتھوں میں ہے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ایک مضبوط، پُرامن اور خوشحال بلوچستان کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا