کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری منظوراحمد کاکڑ اور صوبائی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ صوبے کے عوام کی بلارنگ و نسل خدمت کی ہے اورانشاء اللہ آئندہ بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ،پارٹی کے مرکزی و صوبائی انتخابات میں کارکنوں اور رہنماوں نے عہدیداروں پرجس اعتماد کا اظہارکیا ہے انشاء اللہ اس پر پورا اتریں گے۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس سے قبل بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری منظوراحمد کاکڑ نے پارٹی کے صوبائی صدرسردارمحمد صالح بھوتانی سے انکے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد منظور احمد کاکڑ،محب اللہ اوردیگر رہنماوں نے صوبائی صدر سردار محمدصالح بھوتانی کو انکی کرسی پر بیٹھایا۔
منظوراحمد کاکڑ اورسردار محمدصالح بھوتانی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے دور حکومت میں بلوچستان کے تمام اضلاع میں برابری کی بنیاد پر ترقیاتی کام کروائے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہو ں نے کہا کہ اب بھی پارٹی کے قومی اور صوبائی اسمبلی میں موجودارکان اسمبلی عوام کی بلارنگ و نسل خدمت کررہے ہیں اورانکے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے ہیں۔