|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2025

کوئٹہ: وزیر زراعت و کوآپریٹو بلوچستان اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے بلوچستان کے لیے فوکل پرسن میر علی حسن زہری نے سیکریٹری زراعت بلوچستان نور احمد پیرکانی، ڈائریکٹر جنرل زراعت انجینئرنگ سعید احمد ترین اور پروجیکٹ ڈائریکٹر گرین ٹریکٹر اسکیم عرفان بختیاری کے ہمراہ منسک ٹریکٹر ورکس فیکٹری کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وفد نے فیکٹری انتظامیہ اور کمپنی کے نمائندوں سے تفصیلی ملاقات اور مذاکرات کیے، جن میں بلوچستان کے کسانوں کے لیے بیلاروس کے جدید ٹریکٹرز کی فراہمی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جدید زرعی مشینری اور معیاری ٹریکٹرز کی فراہمی سے نہ صرف صوبے میں زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا بلکہ کسانوں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی جس سے غذائی تحفظ اور زرعی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

اس موقع پر وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان کے کسانوں کی ترقی اور سہولت حکومتِ بلوچستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید بیلاروس ٹریکٹرز کی فراہمی سے صوبے میں کھیتی باڑی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا۔وزیر زراعت نے کمپنی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان زرعی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ صوبے کے کسان خوشحال اور خود کفیل بن سکیں۔