کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی زئی اور خیلی کی سیاست سے بالاتر ہوکرعوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے حلقہ انتخابات میں اپنے ایم پی اے فنڈز سے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں ،
کلی ترخہ میں عوام کو پینے کے صاف پانی اوراسکولوں کی بہتری کیلئے جلد ہی عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے حلقہ انتخاب کلی ترخہ میں تعمیر ہونے والے روڈ اور نالیوں کی افتتاح کے موقع پر علاقے کے معتبرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرسردار اکرم خان بنگلزئی ، حاجی لعل محمد جتک ، میرثناء اللہ جتک ،قاری محمدعالم ، میر اکرم محمدشہی ، جان محمد،محمد شعیب ، محمد خان ، اللہ محمد نورزئی ، محمد ندیم دہوار ، عبدالروف اور محمد وارث نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد اکرم بنگلزئی،حاجی لعل محمد جتک ، میرثناء اللہ جتک،قاری محمدعالم نے کہا کہ کلی ترخہ کوئٹہ کا قدیم علاقہ ہے لیکن گزشتہ ادوار میں علاقے سے کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی نے حلقے کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کئے
جس کی وجہ سے علاقے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے کامیابی کے بعد علاقے پر خصوصی توجہ دیئے ہوئے سڑک اور سیوریج کے نظام کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے اورآج الحمد ا للہ علاقے میں سڑک اورنالیوں کی تعمیرہوچکی ہے جس سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ا نہوں نے علاقے میں دو ٹیوب ویل ہیں لیکن دونوں بند پڑے ہیں جس سے عوام مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں اور علاقے میں قائم اسکول بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
رکن اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد میں نے اپنے حلقہ انتخاب میں بغیر کسی تعصب کے ترقیاتی کام کرائے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال مجھے پی ایس ڈی پی میں 85کروڑ روپے کے فنڈز ملے جن میں سے 10کروڑ روپے اسکولوں کی بہتری جبکہ بقایا رقم حلقے میں گیس ،ٹرانسفارمر ، سڑکوں اور نالیوںکی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی کاموں پر خرچ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام نے جن مسائل کی آج نشاندہی کی ہے انشاء اللہ انہیں بھی جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں قائم دونوں ٹیوب ویلز کو جلد فعال کرکے عوام کو پینے کے صاف پانی اور اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی زئی اورخیلی کی سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ حلقہ انتخاب میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام کرائے ہیں جس سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے 24گھنٹے عوام کیلئے کھلے ہیں عوام مسائل کی نشاندہی کریں انشاء اللہ انہیں حل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔