کوئٹہ: وزیرا اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے تعلیمی ادارے پر حملہ پاکستان کے مستقبل اور نئی نسل کے خلاف سازش ہے تاہم افواجِ پاکستان نے اپنی بے مثال بہادری سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ایک بار پھر خاک میں ملا دیا انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس امر کا ثبوت ہے کہ ہمارے سپاہی ہر وقت مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ خوارج اور ان کے بیرونی سرپرستوں کے خلاف افواجِ پاکستان کا آپریشن ‘‘عزمِ استحکام’’ ملک میں دیرپا امن کے قیام کی ضمانت ہے۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جس جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے
وزیرِ اعلیٰ نے شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان بیٹوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی جنہوں نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں
انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قوم متحد ہے دشمن کی کسی بھی بزدلانہ کارروائی سے مرعوب نہیں ہوگی اور پاکستان کے بہادر سپاہی دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ہمیشہ کی طرح ناکام بناتے رہیں گے