کوئٹہ : ڈائریکٹر جنرل محکمہ انسداد بد عنوانی بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ انسداد بد عنوانی بلوچستان نے مکران ڈویژن میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دشت شہباز گور کو کالج پنجگور کے تعمیراتی منصوبے میں مبینہ کرپشن، فنڈز کی خرد برد اور مالی بے ضابطگیوں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ انسداد بد عنوانی بلوچستان کی منظوری کے بعد محکمہ انسداد بد عنوانی مکر ان سرکل کی قیادت میں کی جانے والی اس کارروائی کے دوران ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ٹھیکیدار سید اعجاز شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق، منصوبے کے فنڈز میں سنگین بد عنوانی، جعلی ادائیگیوں، اور تعمیراتی معیار میں خلاف ورزیوں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
مزید برآں، کیس سے وابستہ ایکسئین شکیل اور ایکسئین عبد الحمید کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کے مطابق، یہ کارروائی ادارے کے اس عزم کی عکاس ہے کہ بد عنوانی کے خاتمے، شفاف طرز حکمرانی کے فروغ اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ تحقیقات کو پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے،
اور تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ انسداد بد عنوانی بلوچستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بد عنوانی کے خلاف جاری مہم میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی شکایت یا معلومات کی صورت میں ادارے سے رابطہ کریں۔