|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2025

پسنی :  گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پراھگ محلہ میں گزشتہ رات ایک بڑا سانحہ ہونے سے ٹل گیا۔ اطلاعات کے مطابق اسکول کی سائنس لیبارٹری کی چھت کا پلستر اچانک اکھڑ کر فرش پر جا گرا خوش قسمتی سے اس وقت اسکول بند تھا،

جس کے باعث کوئی طالبہ یا عملہ موجود نہ ہونے کے سبب جانی نقصان سے محفوظ رہا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکول کی دیگر کلاس رومز بھی شدید خستہ حالی کا شکار ہیں، جہاں روزانہ سینکڑوں طالبات عدمِ تحفظ کے احساس کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ اس تعلیمی ادارے کو 2016 میں مڈل سے ہائی کا درجہ تو دے دیا گیا تھا، تاہم اپ گریڈیشن کے بعد نہ تو اضافی کلاس رومز تعمیر کیے گئے اور نہ ہی مطلوبہ تدریسی عملہ فراہم کیا گیا،

جس سے تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

والدین، سماجی شخصیات اور علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت کی مرمت، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عملے کی کمی دور کرنا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ طالبات محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔