|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2025

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سابق رکن اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی نے سریاب، مشرقی بائی پاس اور مغربی بائی پاس اورگرد و نواح میں گیس و بجلی کی بدترین صورتحال پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سریاب وگردونواح میں گزشتہ ایک ہفتے سے گیس مکمل غائب ہے اور جو کبھی کبھار آ بھی جاتی ہے اس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے۔

دوسری جانب بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے اس بحران کے باعث عوام میں بیماریاں بڑھ رہی ہیں، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، بچے اور بزرگ شدید اذیت کا شکار ہیں، جبکہ حکومت کی بے حسی شرمناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ملک نصیر احمد شاہوانی نے موجودہ صورتحال پر منتخب نمائندوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ فارم 47کے ذریعے آنے والے ارکان اسمبلی پہنچ کر بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

لگتا ہے عوام کی تکلیف انہیں تکلیف نہیں بلکہ لطف دیتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سریاب میں گیس پریشر فوری بحال کیا جائے غیر اعلانیہ بجلی لوڈشیڈنگ بند کی جائے گیس بحران سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اقدامات کیے جائیںمنتخب نمائندے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ورنہ عوامی ردعمل کے لیے تیار رہیں انہوں نے کہا کہ سریاب کے عوام مزید ظلم اور ناانصافی برداشت کرنے کو تیار نہیں، اور اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو علاقے کے لوگ احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔