کوئٹہ: مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کوئٹہ شہر کی 642وارڈز اور یونین کونسل کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اورانشاء اللہ ٹاؤنز چیئرمین اور کوئٹہ کا مئیر مسلم لیگ(ن) سے ہوگا،
پارٹی صدر وگورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل نے آئینی عہدہ ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات کے عمل سے الگ رہنے کااعلان کیا ہے ،پارٹی کے غیرفعال کارکنوں اور رہنماوں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
یہ بات مسلم لیگ(ن) کے رہنما و صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی وچیئرمین بلدیاتی الیکشن کمیٹی نسیم الرحمان خان ملاخیل،میر یونس بلوچ ، سحرگل خان خلجی ، حاجی میرنوراللہ لہڑی،ملک مصلح الدین مینگل ،حیدرخان اچکزئی،ارباب محمد اقبال کاسی ،چوہدری شبیراحمد،عبدالفتاح جمالی ،ساکر ممد حسنی اوردیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت نے وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف اوردیگر مرکزی قیادت کی ہدایت پر کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی ہے جوتمام انتخابی عمل کی نگرانی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) واحد جماعت ہے
جواپنے پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی ترقی پسندانہ سوچ اور مثبت وژن کے ذریعے کوئٹہ کو درپیش مسائل کا دائمی حل نکال سکتی ہے ماضی کی طرح آج بھی ہم اسی مثبت سوچ اور مخلصانہ وژن کے ساتھ اپنے امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے الحمد اللہ ہم نے کوئٹہ شہر کے 642وارڈ اور مختلف یونین کونسل سے اپنے نمائندوں کی نامزدگی کی مکمل تیاری کی ہے
آگے چل کر ہم اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ ایک ٹھوس لائحہ عمل کے ساتھ میدان عمل میں اتریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کمیٹی نے امیدواروں کو قانونی مدد فراہم کرنے کیلئے ایڈووکیٹ ملک انورنسم کاسی کی قیادت میں ایک لیگل کمیٹی تشکیل دی ہے
جو ضرور ت پڑنے پر ہمارے بلدیاتی نمائندوں کو تمام تر قانونی تعاون فراہم کریگی لیگل کمیٹی میں ایڈووکیٹ میرعطاء اللہ لانگو ، ایڈووکیٹ میر نصیراحمد بنگلزئی، میاں بدر منیرایڈووکیٹ،شیخ محمد علی ایڈووکیٹ،محمد عمر ڈوگر اور ایڈووکٹ محمد علی خوشنودشامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پارٹی کمیٹی ،صوبائی قیادت اور منتخب نمائندوں کی باہمی مشاورت سے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد زرغون ،چلتن ،تکتو اور سریاب ٹاؤنز میں اقلیت سمیت دیگر بااختیارزیلی کمیٹیاں تشکیل دیں گے جوالیکشن کے آخری مرحلے کے مکمل ہونے تک نہ صرف نگرانی کریں گی بلکہ موزوں امیدواروں کیلئے ٹکٹس کی سفارشات صوبائی قیادت ،پارٹی کمیٹی کو فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی اورصوبائی قیادت کی خصوصی ہدایت پر پارٹی کمیٹی نے غیرفعال مسلم لیگ(ن) کے ساتھیوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں
جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہرکے عوام اپنے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے اپنے اپنے حلقوں کی نمائندگی کیلئے مخلص ،امن پسند اور خدمت کے جذبے سے سرشار نمائندو ں کا انتخاب یقین بنائیں۔
ایک سوال کے جواب میں نسیم الرحمن ملاخیل نے کہا کہ گورنر بلوچستان و مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدرشیخ جعفرخان مندوخیل نے اپنے پاس آئینی عہدہ ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات کے عمل سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔