|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2025

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر سینیٹر سردار عمر گورگیج نے اس خبر کو غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بارے میں نشر ہونے والی خبر گمراہ کن ہے اور پیپلز پارٹی اس کی سختی سے تردید کرتی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کے حوالے سے خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

ایک بیان میں سینیٹر سردار گورگیج نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی صوبے میں سیاسی استحکام اور عوامی خدمت کے تسلسل پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کے کسی رہنما، کسی فورم یا کسی تنظیمی سطح پر وزیر اعلیٰ کی تبدیلی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

اس طرح کی افواہیں محض بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی صوبائی حکومت، اتحادی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر استحکام اور ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔

پارٹی کسی بھی غیر سنجیدہ یا نامکمل اطلاع پر مبنی رپورٹ کو مسترد کرتی ہے۔سینیٹر سردار عمر گورگیج نے کہا کہ اگر پارٹی کی جانب سے کوئی بھی پالیسی فیصلہ کیا جاتا ہے تو اسے افواہوں یا غیر مصدقہ ذرائع کے ذریعے نہیں بلکہ باضابطہ اعلان کے ذریعے سامنے لایا جاتا ہے۔