|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2025

تربت:  رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تربت کے نواحی علاقے جوسک میں نئے پولیس تھانے کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن اور میئر میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی بھی شریک تھے۔

تقریب میں علاقے کے معتبرین، کونسلران، سیاسی و سماجی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں پولیس کو بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی مجموعی طور پر تسلی بخش ہے مگر اختیارات میں مداخلت، سفارش کلچر اور کمزور نظام انصاف کی وجہ سے ملزمان سزا سے بچ نکلتے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پولیس کو مکمل اختیارات اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ امن و امان بہتر بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تربت کی آبادی ساڑھے چار لاکھ سے زائد ہو چکی ہے اور اس کے پیش نظر دوسرا پولیس تھانہ قائم کرنا ضروری تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جوسک تھانے کے قیام سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی اور ضلع کیچ میں لیویز فورس کے پولیس میں ضم ہونے کے بعد مستقبل میں بی ایریا میں بھی پولیس تھانہ قائم کیا جائے گا۔

دریں اثناء ڈی پی او کیچ زوہیب محسن نے کہا کہ جوسک تھانے کا قیام شہریوں کو امن اور سلامتی سے متعلق مسائل کے فوری حل میں مدد دے گا،

خصوصاً دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو فائدہ پہنچے گا۔اس موقع پر میئر بلخ شیر قاضی نے کہا کہ پولیس تھانے کے بعد عملے میں اضافہ اور ضروری اسلحہ و سازوسامان کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ پولیس مؤثر طریقے سے اپنے فرائض انجام دے سکے۔