کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر و سینیٹر الحاج سردارمحمد عمر گورگج اور جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہدا کی جماعت ہے
جو عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اورانشاء اللہ کوئٹہ کے ٹاونز چیئرمین اور میئر پیپلزپارٹی کے جیالے ہونگے
یہ بات انہوں نے جمعرات کو سابق ڈؤیژن صدور سردارخیرمحمد ترین ، نعیم بلوچ ، رفیق سجاد بلوچ ، رحمت کدیزئی ، عمر موسی زئی ، میر انور رونجھو ، شیر محمد ترین ، میر نصیب اللہ شاہوانی ، ملک عصمت کھیازئیان ،انجینئر میراحمد لانگو ، طیب بلوچ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ملاقات کے دوران ملک اورصوبے کی سیاسی صورتحال ،تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سردار محمدعمر گورگیج اور ربانی خان کاکڑنے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت عوام کی خدمت کررہی ہے پیپلز پارٹی کے دورحکومت بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور کبھی بھی اصولوں پرسودے بازی نہیں کی اور نہ آئندہ کریگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں فعال اور منظم ہے پارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والے کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ کی بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی دیگر اضلاع کی طرح کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ انہوںنے سابق ڈویژن صدور پر زوردیاکہ و ہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کوگھر گھر پہنچائے اورعوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔