کوئٹہ،: صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا سائٹ ایکس (X) کے نئے فیچر اپ ڈیٹ نے عملاً ثابت کردیا ہے کہ ریاستِ پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی منظم سوشل میڈیا مہم بیرونِ ملک سے آپریٹ ہوتی ہے
انہوں نے کہا کہ نئی اپ ڈیٹ کے بعد عالمی سطح پر یہ حقیقت سامنے آگئی ہے کہ ریاست مخالف عناصر اور تنظیموں کے متعدد اکاؤنٹس کی لوکیشن افغانستان، انڈیا اور دیگر ممالک سے ظاہر ہورہی ہے مینا مجید بلوچ نے کہا کہ یہ وہی مؤقف ہے جسے حکومت بلوچستان اور متعلقہ ادارے روزِ اول سے بیان کرتے آئے ہیں
کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ اور گمراہ کن بیانیہ تیار کرنے والے عناصر بیرونِ ملک بیٹھ کر ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں مینا مجید بلوچ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ماہ رنگ بلوچ کے اکاؤنٹس کی شیئر کردہ لوکیشنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اکاؤنٹس بلوچستان سے نہیں بلکہ افغانستان اور انڈیا سے آپریٹ ہورہے ہیں،
اور ایکس کے نئے لوکیشن فیچر نے اس حقیقت کو بے نقاب کردیا ہے صوبائی مشیر نے کہا کہ مخصوص لابیاں بلوچستان کے نوجوانوں کو مشتعل اور گمراہ کرنے کے لیے جعلی بیانیہ اور فیک اکاؤنٹس استعمال کرتی رہی ہیں،
لیکن اب ٹوئٹر/ایکس کی اپ ڈیٹس نے انہیں بے نقاب کرکے حقائق دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر دیکھے جانے والے مواد کو بغیر تحقیق آگے نہ بڑھائیں اور ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو بیرونِ ملک بیٹھ کر بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔