|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2025

تربت: ایچ آر سی پی مکران ریجن کی جانب سے تربت میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان مکران ریجن کے زیر اہتمام خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سماجی، ادبی اور فکری شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ آر سی پی مکران ریجن کے کوآرڈینیٹر پروفیسر غنی پرواز نے کہا کہ دنیا بھر میں 25 نومبر خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے،

جسے اقوامِ متحدہ نے 1999 میں عالمی حیثیت دی۔ اس دن کا مقصد خواتین کے حقوق کا تحفظ، تشدد کی روک تھام اور معاشرے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد گھریلو سطح سے لے کر ریاستی سطح تک مختلف صورتوں میں موجود ہے، جبکہ بلوچستان میں خواتین کی جبری گمشدگیاں تشدد کی انتہائی سنگین شکل ہیں۔

تقریب میں خان محمد جان گچکی، نوجوان افسانہ نگار مقبول ناصر، الطاف بلوچ، عصا ظفر، ڈاکٹر سمی پرواز، شہناز شبیر اور نوجوان مذہبی اسکالر یلان بلوچ نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے اسلامی تعلیمات، انسانی حقوق اور سماجی اقدار کی روشنی میں خواتین کی عزت و وقار کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گھریلو تشدد، ہراسانی، جبری گمشدگیاں اور سماجی پابندیاں خواتین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ خواتین کے تحفظ، بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ریاستی اداروں، تعلیمی مراکز اور معاشرے کے تمام طبقات کو موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے خلاف خاموشی ظلم کو مزید بڑھا دیتی ہے، اس لیے ہر سطح پر آواز اٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔