کوئٹہ: سابق چیئرمین سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء میر صادق سنجرانی کی جانب سے بلوچستان کی سیاسی قیادت کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ دیا گیا
جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان، اراکین سینیٹ، بی اے پی رہنماؤں اور بلوچستان کی اہم سیاسی شخصیات نے خصوصی شرکت کی عشائیے کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
شرکاء نے صوبے میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، وفاق و صوبے کے درمیان مثالی ہم آہنگی اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں جاری ترقیاتی حکمت عملی، امن و استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات، اور عوامی فلاح کے لئے حکومت بلوچستان کی ترجیحات سے شرکاء کو آگاہ کیا
شرکاء کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اور استحکام کے لیے سیاسی قیادت کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے صوبے کے وسیع تر مفاد کے لیے باہمی تعاون، رابطوں کے فروغ اور مشترکہ حکمت عملی پر مکمل اتفاق رائے ظاہر کیا گیا۔
عشائیے میں مرکز اور صوبے کے اداروں کے درمیان مؤثر روابط بڑھانے، وفاقی سطح پر بلوچستان کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کرنے اور عوامی فلاحی اقدامات میں تیزی لانے پر بھی مشاورت کی گئی