|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2025

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گیس کمپریسر مافیا کے خلاف مؤثر اور بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔

اس سلسلے میں سب ڈویژن سریاب اور سب ڈویژن سٹی میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران 100سے زائد کمپریسر ضبط کیے گئے جبکہ 18 دکاندار گرفتار اور 10 دکانیں سیل کی گئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور اچکزئی نے کمالو، ازبک بازار اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دکاندار گرفتار کیے اور 2 دکانیں سیل کر دیں۔اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ نے سریاب روڈ کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے 25 کمپریسر ضبط کیے، 4 دکاندار گرفتار کیے اور 3 دکانیں سیل کیں۔

اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار نے سب ڈویڑن سٹی میں کارروائی کرتے ہوئے 65 کمپریسر ضبط کیے، 3 دکانیں سیل کیں اور 4 دکاندار گرفتار کیے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ شہریوں کو گیس پریشر میں کمی کے مسئلے سے نجات دلانے کے لیے کمپریسر مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔