کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی ،
پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پورحصہ لیکر کامیابی حاصل کریگی پارٹی جیالے بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کی کامیابی کیلئے ڈور ٹو ڈور کمپیئن چلائیں۔
یہ بات پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ وپیپلز پارٹی زرغون ٹاؤن کمیٹی سربراہ میر لیاقت لہڑی،پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ، مرکزی رہنما سابق سینیٹرلالا روزی خان کاکڑ ،مرکزی رہنما حاجی نصیب اللہ اچکزئی،ملک ذیشان حسین ، ڈاکٹر عبید کاکڑ ،وارث محمود اچکزئی ، انجینئر احسان خلجی، الطاف گجر، ملک نوید خرسانی، ملک حمید کاکڑ، غلام محی الدین رند، ربانی خان خلجی نے زرغون ٹاؤن حلقہ پی بی 41،پی بی 42اور پی بی 43کے پارٹی کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر میر لیاقت لہڑی ،ربانی خان کاکڑ،روزی خان کاکڑ نے کوئٹہ کے مختلف یو سی اور وارڈز کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں میں پارٹی ٹکٹ تقسم کئے۔
مقررین نے کہاکہ جمہوریت میں بلدیاتی انتخابات ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں
کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوام کے چھوٹے چھوٹے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات ک تمام یو سی ،وارڈز میں حصہ لے رہے ہیں انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی اور کوئٹہ کے ٹاؤنز چیئرمین اور کوئٹہ کا میئر بھی پاکستان پیپلز پارٹی سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائیں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں ۔