|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2025

اسلام آباد:پاکستانی خلا بازوں نے چاند پر چہل قدمی کی تیاری کرلی۔پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر کمیشن کے مطابق 2026ء میں پاکستان کا پہلا خلاباز چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر سپارکو شفقت علی نے کہا ہے کہ خلائی تحقیق میں تاریخی پیش رفت کے طور پر پاکستان 2026 میں چاند پر پہنچنے کا ہدف رکھتا ہے۔

چینی تعاون سے اگلے سال اس بڑے اور تاریخی سنگ میل کے حصول کے لیے تیار ہیں۔ڈپٹی چیف منیجر سپارکو شہنیلا طارق کے مطابق اس سلسلے میں چائنیز اسپیس ایجنسی کے ساتھ ایک ایم او یو سائن ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایم او یو کے تحت سال 2026ء میں چائنیز سپیس سٹیشن پر کچھ تجربات کیلئے پاکستانی خلاباز پہنچیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جنوری 2025ء میں پاکستان کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ چین سے خلا میں بھیجا گیا ،اسی سال جولائی میں پاکستان کا ایک اور ریموٹ سسنگ سیٹلائٹ چین کے لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا جس کی بدولت پاکستان کی زمینی مشاہداتی قوت میں اضافہ ہوا۔

رواں سال پاکستان نے چاند پر قدم جمانے کیلئے روور پروگرام کا بھی آغاز کیا ہے، پاکستان میں تیار کردہ رور 2028 میں چین کی مدد سے چاند پر اتارا جائے گا۔واضح رہے کہ اکتوبر 2025میں سپارکو نے پاکستان کا پہلا ہائیر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا جس کے بعد پاکستان کی خلا میں سیٹلائٹ کی تعداد سات ہوگئی ہے۔