کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نئے سال کے آغاز پر صوبے کے عوام اور پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سالِ نو بلوچستان میں امن، ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے نئے سفر کا آغاز ثابت ہوگا
وزیر اعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ نیا سال ہمیں خود احتسابی، قومی یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد کا موقع فراہم کرتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کی فلاح و بہبود، نوجوانوں کے روشن مستقبل، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ سال صوبے کو درپیش چیلنجز کے باوجود بلوچستان نے ترقی کے کئی اہم سنگ میل عبور کیے، نئے سال میں حکومت امن و امان کے استحکام، گڈ گورننس اور شفافیت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے
اور صوبے کے وسائل اور نوجوان صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھی جا رہی ہے انہوں نے دعا کی کہ نیا سال ملک و قوم کے لیے سلامتی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو اور اللہ تعالیٰ پاکستان اور بلوچستان کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن رکھے۔