|

وقتِ اشاعت :   January 1 – 2026

گوادر : رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن اور ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی سربراہی میں آج جی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پروگریس ریویو میٹنگ منعقد ہوئی۔

اجلاس میں چیف انجینئر جی ڈی اے , حاجی سید محمد سمیت سینئر انجینئرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی کو جی ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی، جن میں بالخصوص اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کام شامل تھے۔

اس کے علاوہ شابی مقام پر زیرِ تعمیر کازوے، سربندر لنک روڈ، سربندر فشنگ جیٹی کے مرمتی کاموں سمیت دیگر مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن نے جی ڈی اے کے ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ منصوبوں میں مزید تیزی لا کر عوام کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ینگ جان فٹسال گراؤنڈ اور سورگ دل فٹبال گراؤنڈ کو ماہِ رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے پر بھی زور دیا تاکہ رمضان کے دوران کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی کو گوادر میں پانی کی صورتحال اور جی ڈی اے کی جانب سے پانی کی سپلائی کے نظام، حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں بحالی کے اقدامات اور ڈی واٹرنگ کے کاموں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مولانا ہدایت الرحمٰن نے اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ جی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں کی بدولت شہر میں نکاسی آب کا نظام اس بار نمایاں طور پر بہتر رہا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں مسائل موجود ہیں، وہاں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ گوادر شہر میں ڈرینیج اور سیوریج کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔