|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2026

نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں مادورو اور ان کی اہلیہ کو پکڑنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے اور ان کی نیویارک سٹی میں فیڈرل حراست میں مجوزہ قید کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ کو بروکلین، نیویارک کے فیڈرل ادارے میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر لے جایا جا رہا ہے۔

زہران ممدانی نے اس کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’یکطرفہ طور پر کسی خودمختار ملک پر حملہ کرنا جنگی اقدام ہے اور یہ وفاقی و بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ریجیم چینج کی یہ کھلی کوشش صرف بیرونِ ملک کے لوگوں کو متاثر نہیں کرتی بلکہ براہِ راست نیویارک کے شہریوں کو بھی متاثر کرتی ہے جن میں وہ ہزاروں وینیزویلین شامل ہیں جو اس شہر کو اپنا گھر کہتے ہیں۔‘

زہران ممدانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مزید لکھا کہ ’میری ترجیح ان کی حفاظت اور نیویارک کے ہر شہری کی حفاظت ہے۔ میری انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے گی اور ضرورت کے مطابق رہنمائی جاری کرے گی۔‘

یاد رہے کہ امریکہ میں نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی یکم جنوری کو عہدہ سنبھالنے پر قرآن پر حلف اٹھانے والے پہلے نیو یارک سٹی کے میئر ہیں۔

امریکہ میں نوجوان سیاستدان زہران ممدانی نہ صرف نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہوئے تھے بلکہ وہ امریکی ووٹروں میں بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرتے اور سیکولر شناخت بناتے بھی نظر آئے۔