|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2026

کوئٹہ؛ امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے مرکزِ اسلامی گوادرمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنو قابل پروگرام کا آغاز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی سے کیا

جسے اب ملک گیر سطح پر پھیلایاجا رہا ہے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیاجاچکا ہے جس کی شروعات کوئٹہ سے کی گئی۔

ہریس کانفرنس میں امیرجماعت اسلامی گوادرسعیداحمدبلوچ مولانالیاقت بلوچ الخدمت فاونڈیشن گوادرکے صدر نادل علی بھی موجود تھے۔مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ بلوچستان کی تقریبا 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہیجبکہ 40 سے 50 لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں۔

صوبے کے پی ایس ڈی پی میں صرف6 ہزار آسامیاں موجود ہیں، جس کے باعث بلوچستان میں بے روزگاری کی شرح انتہائی تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا موجودہ تعلیمی نظام فرسودہ ہو چکا ہے، جہاں تعلیم کو محض نوکری حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہیاور پورا نظام ایسے نوجوان تیار کر رہا ہے جو صرف ملازمت کے خواہاں ہوں، خود کفیل نہ بن سکیں۔

جماعت اسلامی نے اسی سوچ کے تحت بنو قابل پروگرام کو بلوچستان تک توسیع دی ہے، کیونکہ یہاں کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے، جس سے ہم آہنگ ہونا ناگزیر ہے، تاہم جدید مہارتیں سیکھنے کے لیے سرمایہ درکار ہوتا ہے،

جو عام لوگوں کے پاس موجود نہیں۔ اسی خلا کو پر کرنے کے لیے بنو قابل پروگرام کے تحت مختلف آئی ٹی کورسز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن نے بتایا کہ یہ کورسز چار ماہ کے دورانیے پر مشتمل ہوں گے، جن میں جدید آئی ٹی ٹولز اور عملی مہارتیں سکھائی جائیں گی25 جنوری کو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن گوادر کا دورہ کریں گیجہاں سہ پہر3 بجے کرکٹ اسٹیڈیم میں بنو قابل پروگرام کے تحت ٹیسٹ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کورسز کے آغاز سے قبل جدید آئی ٹی لیب قائم کی جائے گی،

جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ جماعت اسلامی جمہوری انداز میں حقوق کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو باصلاحیت اور برسر روزگار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ یہ پروگرام ضلع گوادر کے لیے ہے،

تاہم مکران بھر سے نوجوان آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے اپلائی کر سکتے ہیں۔

جماعت اسلامی کے تحت چلنے والے دارالعلوم اسکول میں پہلا جدید آئی ٹی لیب قائم کیا جا رہا ہے، جہاں بنو قابل کے تحت کورسز کروائے جائیں گے۔

مولانا ہدایت الرحمن نے بتایا کہ اس پروگرام میں مرد و خواتین دونوں شرکت کر سکتے ہیں۔ کورسز مکمل کرنے والے طلبہ کو سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے مختلف قومی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں سے رابطے بھی کیے جائیں گے۔