تربت: کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کی افتتاحی تقریبات کے سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،
جہاں کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدہ آغاز بھی ہوا۔تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امجد شہزاد، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت اکبر اسماعیل، کیچ اسپورٹس فیسٹیول کے سیکرٹری التاز سخی، فیسٹیول کمیٹی کے رکن عمر ہوت سمیت ضلع کیچ کے مختلف تحصیلوں کے تعلیمی افسران، دیگر سرکاری محکموں کے سربراہان، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر کیچ اسپورٹس فیسٹیول کی تقریب کا آغاز گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے طالب علم کی جانب سے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ضلع کیچ میں تعلیمی انقلاب کا سہرا گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے سر جاتا ہے، جہاں سے کئی نامور بیوروکریٹس اور سیاستدانوں نے تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ اسی ادارے کی بدولت انہیں بلوچستان کے اعلیٰ ترین منصب، یعنی وزارتِ اعلیٰ پر فائز ہونے کا موقع ملا
اور صوبے کے عوام کی خدمت کا اعزاز حاصل ہوا۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ضلع کیچ میں تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں، جبکہ طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ قوم کی امیدیں نوجوان نسل سے وابستہ ہیں، اس لیے انہیں پوری توجہ کے ساتھ تعلیم پر دھیان دینا چاہیے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس موقع پر تعلیمی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں کا اعلان بھی کیا،
جن میں گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے امتحانی ہال کی تعمیر کے لیے دو کروڑ روپے، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول آبسر کے امتحانی ہال کے لیے ایک کروڑ روپے اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کیچ میں میٹنگ ہال کے لیے ایک کروڑ روپے شامل ہیں۔اس کے علاوہ ضلع کیچ کے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دو کروڑ روپے اور پریس کلب کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے 25 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔
انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال بلوچی زبان کے نامور ادیب سید ظہور شاہ ہاشمی کی صد سالہ تقریبات کے انعقاد کے لیے ایک کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیچ اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد سے ضلع کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیسٹیول کے مثبت اثرات علاقے کے لوگوں کے طرزِ زندگی پر بھی مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل تربت یونیورسٹی میں انڈور گیمز کا افتتاح کیا گیا تھا جبکہ آج گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت میں کھیلوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی خوش آئند ہے اور آنے والے دنوں میں فیسٹیول کی سرگرمیوں میں مزید رونق آئے گی۔
دریں اثناء کیچ اسپورٹس فیسٹیول کے سیکرٹری التاز سخی نے اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر کیچ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی کوششوں سے ضلع کیچ کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام زور شور سے جاری ہیں اور کامیاب اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد ممکن ہوپایا۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دور مصنوعی ذہانت کا دور ہے، جس میں نوجوانوں کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ دیں تاکہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے اور نوجوانوں میں نظم و ضبط قائم ہو۔قابل ازیں گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے پرنسپل اکبر اسماعیل نے کہا کہ ضلع کیچ میں تعلیم کے فروغ میں گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کا نمایاں کردار رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع کے کئی سیاستدانوں اور بیوروکریٹس نے اسی اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے، جن میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بھی شامل ہیں۔
انہوں نے تعلیم کے فروغ کے لیے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی خدمات کو سراہا۔اس دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امجد شہزاد نے کہا کہ نوجوانوں میں مثبت رجحانات پیدا کرنے کے لیے کھیلوں کا کردار نہایت اہم ہے اور اس طرح کے فیسٹیول ہونے چاہیے ۔
تقریب کے دوران گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے طلبہ نے مارچ پاسٹ پیش کیا، جبکہ 100 میٹر دوڑ کا مقابلہ بھی منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ بلوچی موسیقی پروگرام شے پرجا پیش کیا گیا اور امن کے پیغام کے طور پر کبوتروں کو فضا میں آزاد کیا گیا۔
بعد ازاں فیسٹیول میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
آخر میں گورنمنٹ ہائی اسکول کوشکلات اور گورنمنٹ ہائی اسکول آبسر کے درمیان فٹبال میچ کھیلا گیا،
جس میں ہائی اسکول کوشکلات کی ٹیم نے کانٹے دار مقابلے کے بعد ہائی اسکول آبسر کی ٹیم کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 4-5 سے شکست دی۔ جبکہ کیچ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک میچ میں ڈی سی الیون کی ٹیم نے تربت یونیورسٹی کی ٹیم کو 1-5 سے شکست دیدی ۔جبکہ کرکٹ کے ایک میچ میں تربت انڈر 19 کی ٹیم نے تنڈر شیڈو کی ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
تنڈر شیڈو کی جانب سے 185 رنز کے جواب میں تربت انڈر 19 کی ٹیم نے 6 وکٹیں گنوا کر 186 رنز بنائے۔ اس موقع پر تربت انڈر 19 کے کھلاڑی عامر نسیم نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔