|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2026

لاہور: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیشگوئی کر تے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، لاہور سمیت ملک بھر میں بارش اور برف باری کی پیشگوئی ہے،مری اور گلیات میں برفباری کا امکان ہے، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی ہے،گلیات، چترال، دیر، سوات اور کالام میں شدید برفباری کی توقع ہے۔بلوچستان میں آئندہ ہفتے بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں 19 جنوری کو مغربی ہوائوں کا نیا سسٹم داخل ہو گا، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش و ژالہ باری کی توقع ہے۔21 سے 23 جنوری کے دوران کوئٹہ اور زیارت میں برف باری کا امکان ہے،

شمالی و وسطی بلوچستان میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، ژوب، ہرنائی، لورالائی اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے۔ خضدار، پنجگور، کیچ، گوادر اور لسبیلہ میں بارش کی توقع ہے۔

19 جنوری تک گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا ہ میں وقفے وقفے سے تیز ہواں اور گرج چمک کے ستھ بارش جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور بر ف باری کا امکان ہے، 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے اضلاع میں اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔