|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2026

کوئٹہ : علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق بدھ اور جمعرات کوصوبے کے جنوب مغربی علاقوں میں شدید سرد لہر کے ساتھ تیز ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔کوئٹہ، مستونگ، قلات، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، ژوب، ہرنائی، خاران، چاغی، سوراب، واشک، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور نوشکی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، حرمزئی، خانوزئی، قلعہ سیف اللہ، کان مہترزئی، مسلم باغ، قلعہ عبداللہ، گلستان، اور قلات کے علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی برفباری متوقع ہے۔

گوادر (جیوانی، پسنی، گوادر)، پنجگور، کیچ (تربت)، سبی، نصیرآباد، آواران، کچھی، ڈیرہ بگٹی اضلاع میں بھی ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا، جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی رہی۔سب سے کم درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیارت میں ریکارڈ کیا گیا۔