کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے پولیس لائن پہنچ گئے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں صبر و تحمل کی تلقین کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے دوران جذباتی طور پر کہا کہ “ہمارے شہداء کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا جرات اور عزم کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ریاست ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء رسول اللہ ﷺ کے ساتھ اٹھیں گے، یہ عظیم قربانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ان کے خون کے مقروض ہیں اور ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے شہداء کے ورثاء سے کہا کہ حوصلہ اور صبر کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں اور ان کے لواحقین سے وعدہ کیا کہ خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نہایت بہادر اور باہمت ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔