|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2016

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ہینڈری مسیح بلوچ کی دوسری برسی پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کے کارکنوں و رہنماوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہینڈری مسیح بلوچ کی سیاسی و قومی جدو جہد کو عقیدت پیش کیا گیا اور دو منٹ کی خاموشی کی گئی ۔ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جان محمد بلیدی نے کہاکہ ہنڈری مسیح بلوچ ایک سیاسی و انقلابی رہنماء تھے انہوں نے اپنی پوری زندگی بلوچستان کے عوام کے سیاسی و قومی جد وجہد اور نیشنل پارٹی و بی ایس او کو منظم و فعال کرنے میں صرف کی اور ایک ثابت قدم سیاسی کارکن تھے ۔ مشکل صورت حال مین بھی انہوں نے جرات و دلیری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا ۔ ان کے قتل سے پارٹی ایک اہم سیاسی و قومی رہنماء سے محروم ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ ہنڈری مسیح کی جد وجہد ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ ہم ذاتی ، گروہی مفادات سے بالاتر ہوکر اپنی سیاسی جدو جہد و عمل کو جاری رکھیں۔ اور بلوچستان میں نیشنل پارٹی کو ایک مضبوط سیاسی قومی پارٹی کے طورپر فعال بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچستان و ملک بھر کے محکوم اقوام و طبقات کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے ۔ جو قوموں کے حقوق ، جمہوریت کے استحکام ، قانون کی حکمرانی ، خواتین و اقلیتوں کے مساوی حقوق کیلئے جد وجہد میں مصروف ہے۔ نیشنل پارٹی کی قومی قیادت نے اپنے اقتدار کے دوران بلوچستان کے ساحل و سائل کو محفوظ بنایا ۔ گوادر میں غیر قانونی اراضیات پر قبضہ ختم کرا کے غیر قانونی الاٹمنٹ منسوخ کردیئے ایک ریکوڈک کیس کو عالمی ثالثی کی عدالت میں بھر پور انداز میں دفاع کیا ۔ ثمر مبارک مند جیسے لوگوں کو ریکوڈک کا پرو گولڈ پروجیکٹ سے الگ کردیا۔ پارٹی نے ڈھائی سالہ دور میں بلوچستان میں این ایچ اے کے ذریعے شاہراہوں کی تعمیر کو یقینی بنایا اور ہر فورم پر بلوچستان کے عوام کے حقوق کا بھر پور اندز میں ترجمانی کی ۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ و ہ کلی کی سطح پر یونٹ کی سطح پر پارٹی کی سطح کو فعال و منظم کرنے میں اپنا قومی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ بی ایس او ہمارے سیاسی نرسری رہی ہے ۔ اسکو دوبارہ منظم کرنے کی ضرورت ہے بی ایس او کو فعال و متحرک کئے بغیر ہم اپنے سیاسی و قومی مفادات حاصل نہیں کر سکیں گے۔ اجلاس سے ایم پی اے شمع اسحاق ، کوئٹہ کے آرگنائزر خیر بخش ، نیاز بلوچ، میران بخش بلوچ، ملک نصیر شاہوانی، حاجی عطاء محمد بنگلزئی، کامریڈ ، تاجر بلوچ، آغا داود شاہ، عمران بلیدی، گہرام اسلم ، انیل غوری ، نصیر اللہ شاہوانی، عبداللہ بلوچ نے خطاب میں ہینڈری مسیح بلوچ کو سیاسی جدو جہد پر خراچ تحسین پیش کیا۔