|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2016

کوئٹہ +ھاڈر: کچھی کے علاقے ڈنگڑا کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے تباہ کیئے گئے این ٹی ڈی سی کے دو ٹاورز کی دھماکہ خیز مواد سے تباہی سے ضلع کچھی سمیت صوبے کے اکثر اضلاع میں اضافی لوڈ شیڈنگ سے عوام شدید گرمی اور ماہ صیام میں بدحال،زراعت کا شعبہ شدید متاثر باغات خشک ہونے لگے ،جبکہ دوسری جانب ماہ رمضان اور گرمی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے عوامی حلقوں اور زمینداروں کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق گیارہ جون کو نامعلوم افراد نے ضلع کچھی کے سب تحصیل بالاناڑی کے علاقے ڈنگڑا کے قریب این ٹی ڈی سی کے دوٹاورز کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا جسکی وجہ سے صوبے کے اکثر اضلاع میں برقی قلت کا بحران پیدا ہوگیا تھا جسکی وجہ سے کیسکو کو بیشتر اضلاع میں اضافی لوڈ شیڈنگ کرنا پڑ رہا ہے ،اضافی لوڈشیڈنگ کے باعث جہاں ما ہ صیام میں روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا ہے تو دوسری جانب زمینداروں کو بھی شدید دشواریوں کا سامنا ہے ،شدید گرمی میں باغات کو پانی نہ ہونے سے باغات خشک ہونے لگے ہیں جس سے زمینداروں کو کروڑوں کے نقصانات کا سامنا ہے ۔عین باغات کے سیزن میں بجلی کی عدم فراہمی سے صوبے کا اہم شعبہ زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکاہے جس سے ایک طرف زمینداروں کو کروڑوں روپے نقصانا ت کا سامنا ہے تو دوسرے جانب دیہی علاقوں میں پانی کا بحران شدید ہوگیا ہے ،کیسکو بجلی تو پہلے ہی نہیں دے رہی تھی اب تو ٹاورز کا بہانہ بنا کر زرعی علاقوں کے بجلی مکمل منقطع کرکے زراعت کو مکمل تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ،جس سے صوبے کی کثیر آبادی کہ جنکا کا ذریعہ معاش زراعت ہے انکو نان شبینہ کا محتاج بنایا جارہا ہے ،زمینداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہری علاقوں کو بجلی کی فراہمی کی بجائے زرعی علاقوں کو بجلی کی فراہمی کرکے زراعت کو تباہی سے بچایا جائے ،دوسری جانب ڈھاڈر سبی سمیت صوبے کے گرم علاقوں میں اضافی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شدید گرمی اور رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شدید گرمی اور حبس میں روزہ دار نڈھال ہوجاتے ہیں جبکہ درجہ حرارت پچاس سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرجاتا ہے۔گرم علاقوں کے عوامی اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے اور بجلی کی متاثرہ ٹاورز کا کام جلد از جلد مکمل کرکے عوام کو اضافی لوڈشیڈنگ سے چھٹکارہ دیکرگرم ترین علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔