کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی اور انسانیت سوز اقدام ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے واقعے کی فوری، جامع اور شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومت پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون و معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
Leave a Reply