|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2026

گوادر:ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر معین الرحمن خان نے ادارے کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر حاجی سید محمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر روڈ نادر بلوچ، سپرنٹنڈنگ انجینئر بلڈنگ شے آصف غنی، پراجیکٹ ڈائریکٹر اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ میر دودا خان مری، ایگزیکٹو انجینئر روڈ قاسم بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران و انجینئرز بھی ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ تھے۔


ڈائریکٹر جنرل نے پلیری کور ہور کے مقام پر میرین ڈرائیو پر زیرِ تعمیر کازوے کا معائنہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر روڈ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کازوے کی لمبائی تقریباً آدھا کلومیٹر جبکہ چوڑائی ساڑھے 13 میٹر ہے، جسے ساحلی و موسمیاتی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریزیلینٹ ڈیزائن کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے۔


ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے، کیونکہ یہ کازوے گوادر کے مغربی علاقوں، بالخصوص پشکان، گنز اور جیونی سمیت ملحقہ آبادیوں کو شہر سے منسلک کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ برسات کے دوران سڑک کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے منصوبے کی بروقت اور پائیدار تکمیل ناگزیر ہے۔


بعد ازاں انہوں نے کلانچی پاڑہ میں زیرِ تعمیر انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اینڈ اربن ڈیٹا فیسلٹی سینٹر کا دورہ کیا، جہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔ یہ منصوبہ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی وژن کے تحت شہر کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنے کی اہم کڑی ہے، جس کے ذریعے شہری خدمات، سیکیورٹی، انفراسٹرکچر اور کاروباری سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔


ڈائریکٹر جنرل نے جی ڈی اے گرینڈ مسجد میں جاری تزئین و آرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ کام کو خوبصورتی اور پائیدار معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔


مزید برآں اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت سورگدل گراؤنڈ اور ینگ جان فٹسال گراؤنڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے تعمیراتی معیار، استعمال شدہ میٹریل اور سائٹ مینجمنٹ کا معائنہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا اور کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔


ڈائریکٹر جنرل نے انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے دوران سائٹس پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل سے قومی وسائل کا تحفظ ممکن ہوگا اور عوام کو جدید و معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی، جو ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *