امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد، اور ایران کی طرف سے خطے کے مختلف ممالک میں جوابی کارروائیوں کے تناظر میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجی کارروائی ایسے واقعات کے سلسلے کو جنم دے سکتی ہے جس پر کسی کا کنٹرول نہیں ہوگا، خصوصاً دنیا کے سب سے حساس خطے میں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں تقریباً 20 شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
گوتریس نے ایرانی قیادت کی ہلاکت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان اطلاعات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکتے۔
انہوں نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ فوجی کارروائی بے قابو صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔
سیکریٹری جنرل نے کشیدگی میں کمی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بصورتِ دیگر تنازع وسیع تر جنگ کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جس کے شہریوں اور علاقائی استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔
Leave a Reply